سری نگر،7؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پاکستان کی جانب سے شمالی کشمیر کے باندی پورہ کے گریز سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کر رہے دہشت گردوں کو روکنے میں چار بھارتی جوان شہید ہو گئے۔ تصادم کے اس واقعے میں چار دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کو ہندوستان میں دراندازی کرانے کے لئے مسلسل فائرنگ کی جا رہی ہے۔اس دوران پڑوسی ملک کی طرف سے مورٹار بھی داغے جا رہے ہیں اور فائرنگ جاری ہے۔ ہندوستانی جوان بھی پاکستان کی گولہ باری کا منھ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان کی جانب سے پیر کے روز رک رک کر ہندوستانی سرحد پر گولہ باری کی جا رہی تھی۔ اس دوران کچھ دہشت گرد ہندوستان میں دراندازی کرتے دیکھے گئے۔ ہندوستانی جوانوں نے جب ان پر فائرنگ کی تو انہوں نے بھی فائرنگ شروع کر دی۔ اس حملہ میں چار ہندوستانی جوان شہید ہو گئے ہیں۔ فائرنگ میں ایک میجر کے بھی شہید ہونے کی اطلاع ہے۔